قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے صدر پاکستان کی جانب سے ہلال امتیاز ملنے پر اسے اپنے لیے بڑے اعزاز کی بات قرار دیا ہے۔
ایوان صدر میں منعقدہ پروقار تقریب کے بعد شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر اپنی فیملی کے ہمراہ تصاویر شیئر کیں اور مداحوں کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز صرف ان کی ذات تک محدود نہیں بلکہ یہ پوری پاکستانی قوم کا اعزاز ہے۔ انہوں نے اپنی کامیابی کا کریڈٹ عوام کی محبت، دعاؤں اور مسلسل سپورٹ کو دیتے ہوئے کہا کہ اسی عوامی محبت نے انہیں آج اس مقام تک پہنچایا ہے۔
سابق کپتان نے اس موقع پر وطن کے محافظوں کو بھی یاد کیا۔ انہوں نے یہ ایوارڈ ان شہداء کے نام کیا جنہوں نے ملک کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ شاہد آفریدی نے ملک کی سلامتی کے لیے دعا کرتے ہوئے اللہ سے پاکستان کو ہمیشہ سلامت رکھنے کی التجا کی۔
واضح رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے گزشتہ روز ایوان صدر میں منعقدہ تقریب کے دوران شاہد آفریدی کو کرکٹ کے شعبے میں ان کی نمایاں خدمات اور طویل کریئر کے اعتراف میں ہلال امتیاز سے نوازا تھا۔














































