لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں سندھو دیش کا نعرہ نہیں چلے گا، پاکستان کے نظریے کی نفی کرنے والے کسی طبقے کو تسلیم نہیں کرتے، عوام کے حقوق کے لیے جاری جدوجہد ہر صورت جاری رہے گی۔

لاہور کے فیصل چوک مال روڈ پر پٹرولیم لیوی کے خلاف جاری دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ یہ دھرنا عوام کی چیخ کو آواز میں بدلنے کا عمل ہے، دھرنے کے شرکا مخلوق کے لیے ظلم کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ عوام کی یہ جدوجہد اپنے انجام تک پہنچے گی۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی جاری تحریک صرف پٹرولیم لیوی کے خاتمے یا کسی ایک مطالبے تک محدود نہیں بلکہ یہ عوام میں شعور بیدار کرنے کی جدوجہد بھی ہے،ملک میں عام آدمی مختلف نوعیت کے مسائل کا شکار ہے اور حکمران طبقے کی پالیسیوں کا بوجھ مسلسل عوام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسلام آباد میں حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات ہوں گے اور جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم نے اس حوالے سے مکمل تیاری کرلی ہے، اگر حکومت مذاکرات کے معاملے میں سنجیدہ ہے تو جماعت اسلامی بھی معاملات کو آگے لے کر چلنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ملک میں معاشی دہشت گردی کا خاتمہ ہونا چاہیے اور پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کے نام پر عوام سے بھتہ وصولی نہیں چلے گی،عوام پہلے ہی مہنگائی، بجلی کے بھاری بلوں اور دیگر معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، ایسے میں مزید بوجھ عوام پر ڈالنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کے بیان پر بھی شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی جانب سے دیے گئے مکروہ بیان کی مذمت کرتے ہیں، مریم نواز نے پنجاب میں تعلیم کا بیڑا غرق کردیا ہے اور پنجاب کے 11 ہزار اسکولوں کو فروخت کردیا گیا ہے۔

دھرنے کے شرکا سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی تحریک دراصل نظام کی تبدیلی کی تحریک ہے،ملک میں ایک ایسا کنسورشیم بنا ہوا ہے جو جاگیرداروں اور وڈیروں پر مشتمل ہے، مارشل لا ہو یا نام نہاد جمہوریت، یہی طبقہ ہر جگہ حکمرانی کرتا نظر آتا ہے، یہی طبقہ عوام کو حق حکمرانی سے محروم کرتا ہے اور بندوق کی طاقت پر اقتدار میں آتا ہے،ایسے طبقے کا پاکستان اور پاکستان کے نظریے سے کوئی تعلق نہیں ہوسکتا۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کے نظریے، آئین اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، ملک میں کسی ایسے نعرے یا سوچ کی گنجائش نہیں جو پاکستان کی وحدت اور نظریے کی نفی کرتی ہو، عوام کو اپنے حقوق کے لیے منظم ہوکر آواز بلند کرنا ہوگی۔

Gujrat

Overseas

PAKISTAN

Bol Gujrat

Bol Gujrat

Typically replies within an hour

I will be back soon

Bol Gujrat
Hey there 👋
It’s your friend Bol Gujrat. How can I help you?
WhatsApp