ملک بھر میں گرمی کی شدت برقرار شہریوں نے ٹھنڈے اور خوبصورت مقامات کا رخ کر لیا ہے, سوات کی حسین وادی مالم جبہ بھی ان دنوں سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، جہاں روزانہ بڑی تعداد میں سیاح خوشگوار موسم اور قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہو رہے ہیں.
سوات کی حسین وادی مالم جبہ قدرتی حسن سے مالا مال ہے۔ بلند و بالا پہاڑ، سرسبز وادیاں اور ٹھنڈا و خوشگوار موسم گرمی کے دنوں میں سیاحوں کے لیے خاص کشش رکھتے ہیں۔
ملک کے مختلف شہروں سے آنے والے سیاح مالم جبہ میں اپنے خاندان اور دوستوں کے ہمراہ خوبصورت لمحات گزار رہے ہیں۔ کوئی قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہو رہا ہے تو کوئی یادگار لمحات کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر رہا ہے۔
سیاحوں کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کے مقابلے میں مالم جبہ کا موسم انتہائی خوشگوار ہے,ٹھنڈی ہوائیں اور خوبصورت ماحول گرمی سے نجات کے ساتھ ذہنی سکون بھی فراہم کر رہے ہیں۔
سیاحوں کی آمد سے مالم جبہ میں رونقیں بھی بڑھ گئی ہیں۔ ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور دکانوں سے وابستہ کاروباری افراد کے مطابق سیاحوں کی بڑی تعداد سے کاروباری سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
مالم جبہ میں سیاحوں کی تفریح کے لیے موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جس سے ٹھنڈے موسم اور خوبصورت ماحول کی رونق مزید بڑھ گئی ہے۔
ملک بھر میں گرمی کی شدت سے پریشان شہریوں نے سوات کی حسین وادی مالم جبہ کا رخ کر لیا ہے۔ ٹھنڈا موسم، تازہ ہوا اور دلکش مناظر سیاحوں کو اپنی جانب کھینچ رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ مالم جبہ ان دنوں سیاحوں سے خوب آباد ہے۔









































