کوئٹہ میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا مشرقی ہمسایہ ملک میں فساد پھیلا رہا ہے اور بلوچستان میں دہشت گردی میں بھی اس کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد افغان سرزمین استعمال کر رہے ہیں اور دہشت گرد تنظیموں کو اسلحہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیاسی و عسکری قیادت مل کر دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور آخری فسادی کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔
کوئٹہ میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ دنوں دہشت گردی کے سنگین واقعات رونما ہوئے جن میں پولیس اہلکاروں، پاک فوج کے جوانوں اور شہریوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ انہوں نے شہداء کے بلند درجات اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
وزیراعظم نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران 54 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے آخری عنصر کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی اور دہشت گردوں کے مذموم عزائم ہر صورت ناکام بنائے جائیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مسلح افواج کے افسران اور جوانوں نے ملک کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے خلاف قومی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔








































